لاہور: پاکستان کے سینئر ترین صحافی، دانشور اور انسانی حقوق کے ممتاز علمبردار حسین نقی لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی ملک بھر کے صحافتی، ادبی، سماجی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صحافت، آزادیِ اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی طویل اور بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم نے ملک میں صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہو گیا ہے۔ وہ اصول پسند صحافی تھے جنہوں نے زندگی بھر آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مرحوم کے اہلِ خانہ، صحافتی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
حسین نقی کا شمار ان نامور صحافیوں میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستان میں آزادیٔ صحافت، جمہوریت کی بقا اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ساری زندگی جدوجہد کی اور کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، انہوں نے ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، زمانہ طالب علمی ہی سے ترقی پسند طلبہ سیاست میں سرگرم رہے اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ ہوئے۔
انہوں نے 1950 کی دہائی کے اواخر میں اپنے صحافتی کریئر کا آغاز کیا اور چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک ملک کے مختلف انگریزی، اردو اور پنجابی اخبارات و جرائد سے بطور رپورٹر، کالم نگار اور مدیر وابستہ رہے۔
1938 میں لکھنؤ میں پیدا ہونے والے نقی صاحب نے پی پی آئی (PPI)، دی نیوز، دی سن اور ویو پوائنٹ جیسے مختلف اداروں میں خدمات انجام دیں اور لاہور سے پہلا پنجابی روزنامہ ’’سجن‘‘ بھی جاری کیا۔
وہ ہر دور کی آمریت اور سنسرشپ کے خلاف ڈٹے رہے، جس کی پاداش میں قید و بند اور جلاوطنی بھی برداشت کی۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے پلیٹ فارم سے بھی وہ پسے ہوئے طبقات اور آزادیِ اظہار کی توانا آواز بنے رہے۔
لاہور پریس کلب کی پریس ریلیز کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج اتوار 12:30 بجے دوپہر جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔
صحافتی سفر اور آمریت کے خلاف مزاحمت
حسین نقی نے اپنے طویل اور شاندار صحافتی کیریئر کا آغاز 1950 کی دہائی میں کیا اور کئی دہائیوں تک پرنٹ میڈیا سے وابستہ رہے۔ انہوں نے پاکستان پریس انٹرنیشنل (PPI) سمیت متعدد مؤقر قومی اور بین الاقوامی اخبارات و جرائد میں کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
انہوں نے ملک میں مارشل لاء اور آمرانہ ادوار کے دوران بدترین سنسرشپ اور ریاستی دباؤ کا جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ آزادیٔ اظہارِ رائے کے حق میں آواز بلند کرنے کی پاداش میں انہیں قید و بند کی صعوبتیں اور جبری برطرفیاں بھی برداشت کرنا پڑیں، تاہم انہوں نے قلم کی حرمت پر آنچ نہ آنے دی۔ وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی تحریکوں میں بھی صفِ اول کے رہنما کے طور پر متحرک رہے۔ حسین نقی مارشل لاء ادوار میں بھی جیل گئے اور جمہوری ادوار میں بھی قیدی بنے انکی آپ بیتی ۔جو مجھ سے ہو سکا۔ کے نام سے شائع ہو چکی ہے
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (HRCP) میں کلیدی کردار
صحافت کے ساتھ ساتھ حسین نقی کا سب سے بڑا حوالہ انسانی حقوق کے لیے ان کی بے لوث خدمات ہیں۔ وہ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے بانی ارکان میں شامل تھے اور طویل عرصے تک کمیشن کے نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے رہے۔
انہوں نے ملک بھر میں اقلیتوں، خواتین، محنت کشوں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائی اور جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت اقدامات اور سماجی ناانصافیوں کے خلاف ہمیشہ دوٹوک مؤقف اپنایا۔
حسین نقی کی وفات پر ملک بھر کی صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق کے اداروں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستانی صحافت اور انسانی حقوق کی تحریک میں پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔


