سیالکوٹ (بیورو رپورٹ۔ سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے کمشنر روڈ پر زیرِ تعمیر نئے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو تعمیراتی مراحل اور مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے تعمیراتی کام کے معیار کا معائنہ کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اس اہم عوامی فلاحی منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 9 ارب روپے کی خطیر لاگت سے 35 کنال سے زائد رقبے پر تعمیر ہونے والا یہ جدید ٹیچنگ ہسپتال 300 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ ہسپتال میں جدید او پی ڈی، میڈیکل و سرجیکل انتہائی نگہداشت یونٹس (ICUs)، ایمرجنسی وارڈ اور 28 بستروں پر مشتمل پلاسٹک سرجری و برن یونٹ قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ مریضوں کی سہولت کے لیے جدید ترین طبی و تشخیصی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
ہسپتال آنے والے مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لیے تقریباً 150 گاڑیوں کی گنجائش پر مشتمل ایک علیحدہ تین منزلہ پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے سیالکوٹ اور گردونواح کے شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔


