شینژین : عالمی طاقتوں چین، روس اور امریکا کے درمیان ہونے والی تاریخی سہ فریقی سربراہی ملاقات کے بعد ایک باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں عالمی سلامتی، جوہری ہتھیاروں کی روک تھام اور توانائی کے تحفظ اور اقوام متحدہ میں اصلاحات سمیت اہم بین الاقوامی امور پر اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تینوں ممالک عالمی سطح پر اسٹریٹیجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے پر قائم ہیں۔
جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوٹوک مؤقف
اعلامیے میں جوہری امور پر انتہائی اہم پیغام دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے‘۔ تینوں رہنماؤں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے اور اسلحے کی دوڑ محدود کرنے کے لیے باہمی مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق سہ فریقی اجلاس کے آغاز پر صدر شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو ’انسانیت کے سر پر لٹکتی ڈیموکلیز کی تلوار‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہتھیار دنیا کے لیے مستقل خطرے کی علامت ہیں، لہٰذا انہیں مکمل طور پر ممنوع قرار دے کر صفحۂ ہستی سے مٹا دینا چاہیے۔
توانائی کے تحفظ اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بڑھانے پر اتفاق
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تینوں عالمی رہنماؤں نے عالمی منڈی میں توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور عالمی فراہمی بڑھانے کے منصوبوں پر اتفاق کیا، تاکہ عالمی معیشت کو درپیش توانائی کے چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے دائرہ اختیار پر اہم مؤقف
سربراہی اجلاس میں ریاستی عہدیداروں کو حاصل سفارتی و قانونی استثنیٰ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ مشترکہ اعلامیے میں واضح الفاظ میں کہا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر عالمی اداروں کو اپنے دائرہ اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ مبصرین اس نکتے کو عالمی عدالتی اداروں کی جانب سے ریاستی سربراہان کے خلاف اقدامات کے تناظر میں ایک انتہائی معنی خیز پیغام قرار دے رہے ہیں

