ممبئی: بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں ’بوا‘ کا یادگار کردار ادا کرنے والی سینئر اداکارہ اپاسنا سنگھ نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران شو کے سیٹ پر پیش آنے والے ایسے رونگٹے کھڑے کر دینے والے واقعات کا انکشاف کیا ہے، جس کے بعد بھارتی شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔
اپاسنا سنگھ نے انٹرویو میں چونکا دینے والا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ شو کی شوٹنگ کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک کیمرہ مین بلندی سے نیچے گر کر جاں بحق ہو گیا، تاہم اس المناک واقعے کے باوجود شوٹنگ روکنے کے بجائے کیمرہ مین کی میت کو ایک طرف ہٹا کر ریکارڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
اداکارہ کے ان ہوشربا انکشافات کے منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے کپل شرما اور ان کی ٹیم کی ہمدردی، حساسیت اور انسانی قدروں پر سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسی تناظر میں ایک اور واقعہ بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جس کے مطابق شوٹنگ کے دوران ایک شخص اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا تھا، لیکن کپل شرما اور عملے نے شوٹنگ روکنے کے بجائے کام جاری رکھا اور متاثرہ شخص کو کافی تاخیر کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اپاسنا سنگھ کے ان بیانات میں کس حد تک سچائی ہے، اس کا علم تو خود اپاسنا سنگھ اور کپل شرما کو ہی بہتر ہوگا، تاہم ان انکشافات نے کپل شرما کی شخصیت اور سیٹ پر کام کرنے والے عملے کے تحفظ سے متعلق ایک نئی اور تلخ بحث چھیڑ دی ہے۔
شوٹنگ کے دوران کیمرہ مین گر کرہلاک، لاش ایک طرف رکھ کر کپل شرما شو کی ریکارڈنگ جاری رکھی گئی”؛ اداکارہ اپاسنا سنگھ کے تہلکہ خیز انکشافات

