اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نظام میں اصلاحات لاتے ہوئے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بجلی چوری کا سدباب کرنا اور صارفین کو زائد بلنگ (اوور بلنگ) کے عذاب سے نجات دلانا ہے۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس احمد خان لغاری، نجکاری کے مشیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرنگ کے نظام کی تنصیب کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے تصدیق کی کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضوں اور فنڈز کے انتظام میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کے باوجود اس اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو پوری طرح جاری رکھا جائے گا تاکہ اس پر عمل درآمد کا تسلسل برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد بھی تمام ڈسکوز کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے قوانین اور ضوابط کی پاسداری لازمی ہوگی۔ حکومت کا عزم ہے کہ نجکاری کے عمل کے دوران صارفین کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کی مالی و معاہداتی ذمہ داریوں پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمرز کی سطح پر جدید اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے لائن لاسز اور بجلی چوری کے ریئل ٹائم ڈیٹا تک رسائی آسان ہوگی، جس سے نہ صرف پاور سیکٹر کا مالی خسارہ کم ہوگا بلکہ عام صارفین کو بھی بلنگ کے نظام میں شفافیت کی صورت میں ریلیف ملے گا۔

