بنگلورو: بھارتی شہر بنگلورو میں پیش آنے والے ایک انتہائی ہولناک واقعے میں کیب ڈرائیور نے گھریلو تنازعات اور مبینہ مداخلت سے دل برداشتہ ہو کر اپنی بیوی اور ساس سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے لاشوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس اور ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزم کیب ڈرائیور (جس کی شناخت اندوشیکھر کے نام سے ہوئی ہے) کا اپنی بیوی سنیتا کے ساتھ گھریلو جھگڑا چل رہا تھا۔ ملزم اس بات سے شدید غصے میں تھا کہ اس کی سسرالی رشتہ دار گھریلو معاملات میں مداخلت کرتے ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے انتہائی چالاکی کے ساتھ ایک ایک کر کے تمام افراد کو نشانہ بنایا:ملزم نے سب سے پہلے اپنی بیوی کو گھر میں قتل کیا۔اس کے بعد ایک بہانے سے اپنے سالوں کو پارٹی کی دعوت پر گھر بلایا اور انہیں بھی قتل کر دیا۔سفاک ملزم نے ساس، سالوں کی بیویوں اور ایک 7 سالہ معصوم بچے پونیت کو بھی گھر کے اندر ہی بیدردی سے نشانہ بنایا۔ واردات کے بعد ملزم نے گھر کے اندر خون کے نشانات مٹانے اور صفائی کے لیے مبینہ طور پر کیمیکلز کا استعمال کیا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ یہ گھناؤنا جرم اس وقت بے نقاب ہوا جب ایک مقتولہ کی والدہ نے سری رام پورہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔پولیس نے تفتیش کے دوران جب شواہد کا پیچھا کیا تو شک کی بنیاد پر کیب ڈرائیور کو حراست میں لے لیا، جہاں سختی سے پوچھ گچھ کرنے پر اس نے تمام سات افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے نندی ہلز کے علاقے سے ایک 7 سالہ بچے کی لاش برآمد کر لی ہے، جبکہ دیگر لاشوں کی مختلف مقامات سے تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ اس ہولناک واردات میں ملزم کے ساتھ کوئی اور بھی شامل تھا یا نہیں۔
گھریلو ناچاقی پر کیب ڈرائیور کا خونی کھیل، بیوی اور ساس سمیت 7 افراد کو بیدردی سے ق ت ل کر دیا

