کھونٹی
بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع کھونٹی میں ایک انتہائی لرزہ خیز اور دردناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک بے قابو تیز رفتار ٹریلر سڑک پر موجود افراد کے اوپر سے گزر گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کھونٹی کے علاقے کاررا-تورپا روڈ پر پیش آیا۔ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب ایک اسکوٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد وہاں کچھ لوگ امداد کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار اور بے قابو ٹریلر (ٹریک) وہاں موجود ہجوم پر چڑھ دوڑا، جس کے باعث سات قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس نے تمام لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ حادثے کے بعد فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی تلاش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس دلخراش واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔

