دیر بالا(ڈسٹرکٹ رپورٹر سدیس شیخ )
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز کی زیر صدارت ڈی پی او آفس دیر بالا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں امن کمیٹی کے مشران اور علاقہ عمائدین نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان، منشیات کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مقامی سطح پر درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مشران نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈی پی او دیر بالا نے غور سے سنا اور ان کے فوری و مؤثر حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈی پی او دیر بالا نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام، منشیات کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے مشران نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



