ملتان : موٹر وے پر شاہ شمس کے علاقے میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا تھا جس کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عابد نامی شخص کا کسی کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع تھا جس پر عابد نے سعد نامی شخص اور اس کی بیوی کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیے اور پورا اسکرپٹ بھی تیار کرکے دیا کہ کس طرح دونوں نے مخصوص مقام پر جاکے 15 کو کال کرکے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانا ہے اور زیادتی کا بھی کہنا ہے۔
دونوں میاں بیوی نے پیسے لےکر ڈرامہ کیا اور پولیس نے ڈکیتی اور زیادتی کا مقدمہ بھی درج کرلیا۔
تاہم ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق میڈیکل اور تکنیکی شواہد سے واقعےکے خود ساختہ ہونےکی تصدیق ہوئی۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے میاں بیوی کو بلایا تو انہوں نے اپنا نمبر بند کردیا۔ پولیس کو جیو فینسنگ سے ملزمان کے عابد نامی شخص سے مسلسل رابطوں کا پتہ چلا، جس کے بعد پولیس نے عابد کو پکڑ کے اس سے تفتیش کی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس کا مالی لین دین کا تنازع تھا اور اس نے مخالف کو پھنسانے کے لیے سعد اور اس کی بیوی کو پیسے دیے تھے تاکہ وہ یہ ڈرامہ کریں۔
پولیس نے جھوٹے مقدمات درج کرانے پر عابد اور دونوں میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور میاں بیوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ملتان : شاہ شمس میں شوہر اور بچوں کے سامنے زیادتی کیس کا ڈراپ سین، دو لاکھ کے عوض ڈرامہ کیسے رچایا گیا?

