سانگھڑ (اشفاق سلہری)
سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور میں غیرت کے نام پر پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو ہولناک فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ شہدادپور تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے میں محمد مراد بلیدی، اعجاز بلیدی، عابد بلیدی، غلام اکبر بلیدی، عرس بلیدی، رجب بلیدی، واجد بلیدی اور ریاض بلیدی سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامزد ملزمان نے باہمی مشاورت اور غیرت کے نام پر گھات لگا کر مسلح ہو کر حملہ کیا اور فائرنگ کر کے نثار لاشاری اور ان کی اہلیہ زکیہ بلیدی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔رپورٹ کے مطابق فائرنگ کی اس لرزہ خیز واردات میں نثار لاشاری کو 10 جبکہ ان کی اہلیہ زکیہ بلیدی کو 8 گولیاں لگیں، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی تھی۔


