نئی دہلی:
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واقع معروف تعلیمی ادارے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں طلباء کی جانب سے ہونے والے ایک احتجاج کے دوران مبینہ طور پر ‘آزاد کشمیر’ کے نعرے لگائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔اطلاعات کے مطابق یونیورسٹی کیمپس میں طلباء کا یہ احتجاج مختلف تعلیمی اور انتظامی مسائل کے حوالے سے منعقد کیا گیا تھا، تاہم اس دوران نعرہ بازی کے معاملے نے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ دائیں بازو کی تنظیموں اور بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے اس پورے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق انتظامیہ یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس مظاہرے میں کون سے طلباء شامل تھے اور وائرل ہونے والی ویڈیوز اور نعروں کی حقیقت کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد کیمپس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

