سانگھڑ (اشفاق سلہری)
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی انفارمیشن سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سانگھڑ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی خواتین ہماری زرعی اور دیہی معیشت کا اصل محرک اور بنیادی ستون ہیں۔شازیہ مری نے سورج نکلنے سے لے کر شام تک کھیتوں اور گھروں میں سخت محنت کرنے والی دیہی خواتین کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کسانوں، مزدوروں اور بالخصوص محنت کش خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم رہی ہے۔ حکومت اور پارٹی سطح پر دیہی خواتین کو ان کے جائز حقوق، بہتر معاوضے اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مزید بھرپور کردار ادا کر سکیں۔


