ملتان (رپورٹ: ملک جابر عباس)
ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اسرار الحق اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران کے ہمراہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک 99/M لودھراں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن شوکت فرید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری مظہر مدنی اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد عمران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران نے سکول میں جاری تعلیمی، تربیتی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی اور عملی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ افسران نے بوائے سکاؤٹس، گرین کلب، واش کلب اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے طلبہ سے گفتگو کی اور صفائی ستھرائی، کردار سازی اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے ان کے اقدامات کا جائزہ لیا، جس پر طلبہ نے پُراعتماد انداز میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گرین کلب کے طلبہ نے معزز مہمانوں کو میاواکی ون اور میاواکی ٹو کا دورہ کروایا اور پودوں کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق نے خود پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔افسران نے سکول کی ای سی سی ای (ECCE) کلاس کا معائنہ کیا اور بچوں کے تدریسی طریقۂ کار و انتظامات کو سراہا۔ علاوہ ازیں، سائنس کلب کے طلبہ و طالبات نے اپنے تیار کردہ مختلف سائنسی منصوبے پیش کیے اور ان کے طریقۂ کار پر بریفنگ دی، جس پر افسران نے طلبہ کی سائنسی دلچسپی اور تخلیقی صلاحیتوں کی پرزور حوصلہ افزائی کی۔دورے کے اختتام پر سکول کے انچارج و ہیڈ ٹیچر جاوید اقبال خان نے افسران کو ادارے کے مختلف مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے مسائل کو توجہ سے سنتے ہوئے ان کے جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لودھراں کی جانب سے ہیڈ ٹیچر جاوید اقبال خان اور سکول کے جملہ سٹاف کو بہترین انتظامی امور اور طلبہ کی شاندار تعلیمی و تربیتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ یہ دورہ تعلیمی معیار میں بہتری، کردار سازی، سائنسی تعلیم کے فروغ اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کا بہترین عکاس ہے۔

