چکوال (مہتاب نصیر اعوان)
ضلع چکوال میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عام آدمی کا جینا محال ہو گیا ہے۔مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اور ہوشربا اضافے کی وجہ سے گھریلو صارفین پر شدید مالی بوجھ پڑ چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق، 14 کلوگرام وزن پر مشتمل گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 7000 روپے سے 8,500 روپے تک جا پہنچی ہے، جبکہ عام مارکیٹ میں ایل پی جی گیس 550 سے 600 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی ان آسمان کو چھوتی قیمتوں نے بالخصوص ان غریب اور متوسط خاندانوں کے گھریلو بجٹ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے جو مجبورا کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی کا استعمال کرتے ہیں۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اس غیر قانونی اور بے لگام اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے منافع خوروں اور گیس ڈیلروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔


