سیالکوٹ :سلیم احمد اعوان شیخو
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضلعی دفتر سیالکوٹ اور سماجی تنظیم ‘بیداری’ کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز علامہ اقبال کالج، خادم علی روڈ کے اصغر سودائی آڈیٹوریم میں ایک شاندار ووٹرز آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں میں ووٹر رجسٹریشن، حقِ رائے دہی کی اہمیت اور جمہوری عمل میں مؤثر شرکت کے شعور کو اجاگر کرنا تھا۔اس اہم تقریب میں ضلعی الیکشن کمشنر سیالکوٹ سید غلام محی الدین شاہ گیلانی، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر مس اُمِ حبیبہ، بیداری کے پروگرام مینیجر ساجد اقبال خان، نائب صدر مس حنا نورین اور کالج کی پرنسپل مس راحیلہ سہیل سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔جمہوری نظام کا استحکام ووٹ سے مشروط ہے: سید غلام محی الدین شاہ گیلانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی الیکشن کمشنر سید غلام محی الدین شاہ گیلانی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ووٹ ہر اہل شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے، جس کا ذمہ دارانہ استعمال قومی ترقی اور عوامی نمائندگی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین اور نوجوان ملک کی آبادی کا سب سے اہم حصہ ہیں، اس لیے انہیں اپنی ووٹر رجسٹریشن لازمی مکمل کروا کر انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔عملی مظاہرہ اور شرکاء کی دلچسپی اسسٹنٹ الیکشن کمشنر مس اُمِ حبیبہ نے پولنگ کے عمل اور ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقۂ کار کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جس سے طلبہ اور شرکاء کو انتخابی مرحلے کو قریب سے سمجھنے کا بہترین موقع ملا۔ بیداری کی نائب صدر مس حنا نورین اور پرنسپل مس راحیلہ سہیل نے بھی خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں مثبت تبدیلی اور مضبوط جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے خواتین اور نوجوانوں کے فعال کردار کو ناگزیر قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر پروگرام مینیجر ساجد اقبال خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ بھی شہریوں میں انتخابی شعور بیدار کرنے کے لیے ایسی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

