صوابی (حق نواز خان)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) صوابی وقاص رفیق کی سخت ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں قائم ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (DRCs) کے خلاف بڑے پیمانے پر اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، جس کے پہلے مرحلے میں ناقص کارکردگی اور رپورٹس کی بنیاد پر مجموعی طور پر 52 ممبران کو فارغ کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق، مختلف متعلقہ اداروں کی خفیہ اور کارکردگی رپورٹس کی جانچ پڑتال کے بعد یہ سخت فیصلے کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر ممبران کے کوائف اور ریکارڈ کی اسکروٹنی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ ڈی آر سیز کی تشکیلِ نو کا بنیادی مقصد اس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوامی سطح پر قابلِ اعتماد بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے ممبران کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق کیا جائے گا تاکہ عوامی تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے احسن طریقے سے حل کیا جا سکے اور ضلع صوابی کے شہریوں کو بروقت اور منصفانہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

