مورو (محمد اسلم مغل): مورو کے قریب گاؤں حاجی قادر بخش جتوئی کے نزدیک داد بیراج میں دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کھیلنے کے دوران 3 سالہ معصوم بچہ محمد یوسف جتوئی بیراج کے پانی میں گر کر ڈوب گیا۔واقعے کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن تاحال بچے کی لاش نہیں مل سکی۔ مقامی غوطہ خوروں کی جانب سے مسلسل تلاش جاری ہے، تاہم پانی کا بہاؤ تیز ہونے اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے بیراج کا پانی بروقت بند نہ کیے جانے کی وجہ سے لاش آگے نکل گئی ہے، جس کے باعث تلاش کے آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب، ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے افسران پر غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن بروقت کوئی اقدامات نہیں کیے گئے اور نہ ہی بیراج کا پانی روکا گیا۔

