سبی (بیورو رپورٹ: محمد اسلم خجک)
بے نقاب نیوز کے مطابق، شہر میں بڑھتے ہوئے امن و امان کے مسائل، منشیات کے مکروہ کاروبار اور بند چوکیوں کے دیرینہ مسائل پر آل پاکستان میڈیا کونسل (رجسٹرڈ) کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد ایس ایس پی سبی عبدالحمید سے ملا۔ ملاقات کے دوران وفد نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ دیہاتوں میں منشیات کا پھیلاؤ نئی نسل کو تیزی سے تباہی کے گڑھے میں دھکیل رہا ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔وفد میں صوبائی چیئرمین قادر بخش لونی، صوبائی سینیئر نائب صدر بشیر خان باروزئی، صوبائی نائب صدر اور بیورو چیف محمد اسلم خجک، صوبائی میڈیا کوارڈینیٹر اللہ وسایا ڈومکی، سبی ڈویژنل چیئرمین چوہدری علی عثمان، ڈویژنل سینیئر وائس چیئرمین شہزاد جمال مری، سبی ڈویژن جنرل سیکرٹری سردار زادہ عطا محمد دہپال اور سبی ڈویژن انفارمیشن سیکرٹری محمد حسن مری شامل تھے۔
وفد نے ایس ایس پی سبی کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ "اللہ آباد چوکی” کی بندش کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں، لہٰذا امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اس چوکی کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔ایس ایس پی سبی نے وفد کے تحفظات کو انتہائی سنجیدگی سے سنتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور منشیات کے ناسور کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ علاقے میں پولیس گشت کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی عناصر کو معاشرے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


