صوابی (حق نواز خان)
سیاسی رہنما اجون خان جدون نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے 49 (گدون اور ٹوپی) کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ تحصیل ٹوپی پریس کلب میں "میٹ دی پریس” پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گدون اور اتمان کے عوام کو خوشنما نعروں اور وعدوں کے ذریعے ووٹ لینے کے بعد ان کے بنیادی مسائل کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث یہ علاقے آج بھی مختلف محرومیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کا ذکر کرتے ہوئے اجون خان جدون نے کہا کہ یہ صنعتی زون علاقے کی معاشی ترقی اور بے روزگاری کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتوں کی بحالی، نئی سرمایہ کاری، صنعتی زون کو سی پیک (CPEC) سے منسلک کرنے اور موٹروے تک مؤثر رسائی فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں۔ تربیلا ڈیم کے لیے اپنی زمینیں قربان کرنے کے باوجود مقامی آبادی کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات اور بجلی کی رائلٹی سمیت دیگر حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، گدون جیسے وسیع علاقے میں طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے لیے گرلز ڈگری کالج کا قیام، تربیلا ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی، پیہور ہائی لیول کینال کے ذریعے آبپاشی کی سہولیات، اور صوابی ٹوپی روڈ کی توسیع بھی ان کے اہم عوامی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام روایتی اور موروثی سیاست سے ہٹ کر کارکردگی، اہلیت، دیانت داری اور خدمت کے جذبے کو ووٹ کی بنیاد بنائیں، تاکہ علاقے کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔


