اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری قرضوں میں 10 سال کے دوران 340 فیصد کا تاریخی اضافہ ہوا، جون 2016 سے جون 2026 تک سرکاری قرضوں میں 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 86 ہزار 700 ارب روپے ہوگیا، جس میں 59 ہزار 400 ارب روپے مقامی جبکہ 27 ہزار 300 ارب روپے غیر ملکی سرکاری قرضہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق جون 2016 میں سرکاری قرضوں کا حجم 19 ہزار 700 ارب روپے تھا، جس میں مقامی قرضہ 13 ہزار 600 ارب اور غیر ملکی قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2017 تک مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے، جون 2018 تک 24 ہزار 900 ارب روپے، جون 2019 تک 32 ہزار 700 ارب روپے اور جون 2020 تک 36 ہزار 400 ارب روپے ہوگیا۔
اسی طرح جون 2021 تک سرکاری قرضوں کا حجم 39 ہزار 900 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔(سورس ایکسپریس)

