چوک کمہاراں والا حادثہ: کام کے دوران لکڑی کا پینل گرنے سے 17 سالہ ریحان علی دم توڑ گیا
ملتان (ملک جابر عباس سے) ملتان کے علاقے چوک کمہاراں والا کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ہارڈویئر کی دکان پر کام کے دوران 17 سالہ نوجوان کے سر پر بھاری لکڑی کی شیٹ گرنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔
موقع پر موجود افراد کے مطابق، نوجوان ریحان علی دکان میں کام میں مصروف تھا کہ اچانک لکڑی کی ایک بھاری شیٹ اس کے سر پر آ گری، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ دکاندار نے فوری طور پر زخمی نوجوان کو رکشے کے ذریعے ریسکیو اسٹیشن چوک کمہاراں والا پہنچایا۔
ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے نوجوان کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا، تاہم ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ ریحان علی ولد محمد رؤف احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

