سکھر (رپورٹ/عبدالرحمن راجپوت)
فیڈرل بورڈ آف ریونیو سکھر کے ریجنل ٹیکس آفس نے غیر قانونی اور نان سیلز ٹیکس ادا کرنے والے سگریٹ کے کاروبار کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 400 ملین روپے مالیت کے سگریٹ اور تمباکو ضبط کر لیے۔ یہ آپریشن چیف کمشنر سکھر ضیغم عباس کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر سکھر زون ممتاز تھیبو اور ایران اسکواڈ کے سربراہ ڈاکٹر پرویز احمد شر کی ہدایت پر بنائی گئی خصوصی ٹیم نے مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کیے گئے نان ٹیکس پیڈ سگریٹ اور تمباکو تلف کر دیئے۔ اس خصوصی ٹیم کی قیادت ان لینڈ ریونیو آفیسر عبدالمجید سانگی کر رہے تھے جبکہ اس ٹیم کی نگرانی اور رہنمائی کے لیے ایڈیشنل کمشنر جوہر علی، ایڈیشنل کمشنر سجاد احمد اور اسسٹنٹ کمشنر نور جہانیاں بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف کمشنر سکھر ضیغم عباس نے کہا کہ ملک کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ٹیکس وصولی بہت ضروری ہے۔ ٹیکس چوری اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی سگریٹ اور تمباکو کی فروخت سے نہ صرف قومی آمدنی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جائز کاروبار کے لیے بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ چیف کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ٹیکس چوری کے خاتمے اور قومی محصولات کے تحفظ کے لیے مزید سخت اور موثر کارروائی کی جائے گی۔

