نئی دہلی: بھارت میں سوشل میڈیا پر ایک انتہائی دلچسپ اور انوکھی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک بندر کو شراب کی دکان میں گھس کر شراب پیتے اور بعد ازاں وہیں سوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارت میں ایک مقامی شراب کی دکان پر پیش آیا، جہاں ایک بندر اچانک دکان کے اندر داخل ہو گیا۔ دکان میں موجود افراد اور کاؤنٹر پر بیٹھا شخص اس کی ناگہانی آمد پر حیران رہ گئے، لیکن بندر نے کسی کو نقصان پہنچائے بغیر دکان میں رکھی شراب کی بوتل اٹھائی اور اسے پی گیا۔
شراب پینے کے کچھ ہی دیر بعد نشے کے اثر سے بندر کو شدید غنودگی محسوس ہوئی اور وہ دکان کے کاؤنٹر پر ہی بے سدھ ہو کر سو گیا۔
دکان پر موجود افراد اور راہگیروں نے اس دلچسپ منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر مزاحیہ اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

