لاہور / ملتان:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے صوبے میں ہونے والی ترقی اور جرات مندانہ فیصلوں پر وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے حوالے سے کئی بڑے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان چناب پل بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا، خانیوال روڈ کی وسعت اور ری ڈیزائننگ کا حکم دیا، اور ایک جیل کو منتقل کر کے وہاں عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ میو ہسپتال لاہور کے بعد اب کینسر کی جدید کوابلیشن (Coblating) مشین نشتر ہسپتال ملتان میں انسٹال کر دی گئی ہے، جس سے ملتان سمیت دیگر صوبوں کے کینسر مریض بھی بغیر سرجری کے علاج سے مستفید ہو سکیں گے۔
اراکینِ اسمبلی نے ریکارڈ مدت میں جلالپور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی تعمیر پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ترقی کا فوکس کوئی ایک شہر نہیں بلکہ پنجاب کے تمام اضلاع ہیں، اور پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اراکینِ اسمبلی کو ان کے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل تک عمل میں شامل رکھا جائے۔
ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ترقی کی سب سے بڑی مثال بن کر ابھرا ہے، اور امن و امان نیز قبضہ گروپوں کے خلاف مریم نواز شریف نے انتہائی جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں۔

