مانچسٹر:برطانوی شہر مانچسٹر کے وسطی علاقے میں واقع مشہور آرنڈیل سینٹر (Arndale Center) کے باہر پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں تیزاب کے حملے نے ایک نوجوان کو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیا ہے۔
برطانوی پولیس کے مطابق اتوار کی علی الصبح پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں تیزاب کے حملے کا شکار ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم حملہ آور اور متاثرہ فرد کا تعلق جنوبی ایشیائی کمیونٹی سے بتایا جارہا ہے، حملے کے نتیجے میں اسے شدید اور ناقابلِ تلافی جسمانی زخم آئے ہیں جو اس کی پوری زندگی کو بدل کر رکھ دیں گے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 19 سالہ نوجوان کو اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے مشتبہ ملزم کی قومیت، نام یا دیگر ذاتی شناخت سے متعلق تفصیلات تاحال تفتیشی عمل اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر جاری نہیں کی گئی ہیں۔ پولیس اور ایمرجنسی سروسز واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہیں تاکہ حملے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس خوفناک واقعے کے بعد مانچسٹر کے تجارتی مرکز میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔
تیزاب گردی برطانیہ پہنچ گئی، مانچسٹر حملے میں 19 سالہ نوجوان کی زندگی برباد کر دی، ملزم گرفتار

