لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورۂ لندن کے اخراجات پر ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے جارحانہ بیان میں عظمیٰ بخاری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ وہ بطور وزیر اطلاعات پہلے ہی انتہائی ذمہ داری سے یہ بات کہہ چکی تھیں کہ وزیراعلیٰ اپنے اس دورے کے تمام اخراجات خود ادا کریں گی۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ”سیاسی یتیم اور یوٹیوبرز کچھ دن سے وزیراعلیٰ کے لندن وزٹ پر بے بنیاد باتیں کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ مریم نواز نے روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کر دی تھی کہ وہ اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔“
بطور وزیر اطلاعات بہت ذمہ داری سے کہہ چکی تھی کہ سارے اخراجات وزیر اعلی خود ادا کریں گی ،سیاسی یتیم اور یو ٹیومر کچھ دن سے وزیر اعلی کے لندن وزٹ پہ ڈالر کھانےمیں مصروف ہیں وزیر اعلٰی مریم نواز شریف نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کر دی تھی کہ اپنے اس دورے کے تمام اخراجات وہ…
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) September 11, 2026
عظمیٰ بخاری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نظام ایک طے شدہ قانونی ضابطے اور طریقہ کار کے تحت چلتا ہے، جہاں دورہ ختم ہونے پر باقاعدہ تخمینہ لگایا جاتا ہے اور چالان کے ذریعے ادائیگی کی جاتی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ”یہ کوئی ایزی پیسہ یا جاز کیش نہیں ہے کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی بٹن دبا کر حساب سامنے رکھ دیا جائے، لیکن لندن سے وطن واپس پہنچنے سے پہلے ہی تنقید کے شوقین طبقے نے بغیر حقائق جانے پروپیگنڈا شروع کر دیا تھا۔“
مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جو عناصر خود قوم کے اربوں روپے ہوا میں اڑا کر عیاشیاں کرتے رہے ہیں، وہ آج پاک دامن بننے کی سستی اداکاری کر رہے ہیں۔ جن کا اپنا دامن کرپشن کے داغوں سے بھرا پڑا ہے، انہیں دوسروں پر الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے وارننگ دی کہ ناقدین ایک بار پھر شرمندگی اور ذلت برداشت کرنے کے لیے تیار ہو جائیں، بس تھوڑا سا انتظار اور باقی ہے۔

