بچوں کی اس عظیم کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیاں اور اساتذہ کی شب و روز کی محنت شاملِ حال ہے ، محمد منشاء اللہ بٹ
سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے سٹی پبلک ہائی سکولز کے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ اساتذہ کرام قوم کے حقیقی معمار ہیں جو نسلِ نو کی تربیت اور تعلیم کے ذریعے ملک و قوم کے روشن مستقبل کی عمارت استوار کرتے ہیں۔ انہوں نے نمایاں کامرانی حاصل کرنے والے بچوں کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی اس عظیم کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیاں اور اساتذہ کی شب و روز کی محنت شاملِ حال ہے۔انھوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ وقت کی قدر کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ صرف اور صرف حصولِ تعلیم اور ملک و قوم کا نام روشن کرنے پر مرکوز رکھیں۔
تقریب میں سکول انتظامیہ اور معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ کے سینئر وائس چیئرمین شیر افگن، وائس چیئرمین میاں محمد عمر وقاص، جنرل سیکریٹری ہمایوں اقبال ملک اور فنانس سیکریٹری عمیر خالد فاروق موجود تھے۔ علاوہ ازیں سکول کے ڈائریکٹرز حافظ محمد اکبر، مرزا نصر اللہ بیگ، محمد طاہر بٹ، ساجد شبیر مرزا اور حسین افتخار چیمہ بھی تقریب میں شریک ہوئے اور پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی۔
گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے میٹرک امتحانات (رزلٹ 2026) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو منشاء اللّٰہ بٹ نے میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ طالبات میں ماہرہ جمیل نے 1162 نمبر حاصل کر کے پہلی، حبیبہ فاروق اور رحیمہ مقدس نے 1157 نمبرز کے ساتھ بالترتیب دوسری جبکہ علیشہ نے 1134 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح طلباء میں عبداللہ اور محمد حسن المصطفیٰ نے 1084 نمبرز لے کر مشترکہ طور پر پہلی، عبداللہ ندیم نے 1064 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ محمد خضر حیات نے 1055 نمبرز حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات کے روشن مستقبل اور مزید کامرانیوں کے لئے دعا کی گئی۔


