نئے صوبے بنانے کے بجائے سندھ کے مسائل کے حل کے لیے متبادل قیادت کی ضرورت ہے ،پریس کانفرنس
مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
مٹیاری کی تعصیل ہالا میں امیر سندھ جمعیت علمائے اسلام عبدالقیوم ہالیجوی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو ہالا جمعیت ہاؤس پہنچے، جہاں علامہ راشد محمود سومرو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت کی مبینہ 18 سالہ بدانتظامی نے حالات کو اس نہج تک پہنچا دیا ہے۔ کراچی کے مسائل صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ سندھ کے تمام اضلاع کے عوام بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ لاڑکانہ، مٹیاری، نوابشاہ اور میرپورخاص سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں روزگار، انفراسٹرکچر اور بلدیاتی نظام کے مسائل موجود ہیں۔ کراچی کے مسائل کو بنیاد بنا کر نئے صوبے کا مطالبہ مسائل کا حل نہیں ہے۔ اگر ہر ضلع کے مسائل کی بنیاد پر نیا صوبہ بنایا جائے تو ہر ضلع کو صوبہ بنانا پڑے گا۔ سندھ کے مسائل کے حل کے لیے عوامی اور متفقہ طریقہ کار اپنانا ہوگا، جبکہ چند اضلاع اور باقی سندھ کے درمیان اختلافات سے مزید تقسیم پیدا ہوگی۔انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کو دعوت دی کہ وہ پورے سندھ کے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کریں۔ کراچی سے کشمور تک بدامنی اور روزگار سمیت عوامی مسائل پر مشترکہ آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبے بنانے کے بجائے سندھ کے مسائل کے حل کے لیے متبادل قیادت کی ضرورت ہے۔

