سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سنجھورو کی ہونہار طالبہ اریبہ انتظار راجپوت نے شہید بینظیر آباد تعلیمی بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بورڈ سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کرکے سنجھورو سمیت ضلع سانگھڑ کا نام روشن کردیا۔ اریبہ انتظار راجپوت سنجھورو تحصیل کی پہلی طالبہ ہیں جنہوں نے شہید بینظیر آباد تعلیمی بورڈ میں پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
اریبہ انتظار راجپوت کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، بہن بھائی، اساتذہ، اسکول انتظامیہ اور اہلِ علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ والدین اور بہن بھائی اریبہ کی کامیابی پر انتہائی خوش نظر آئے، جبکہ اساتذہ اور اہلِ علاقہ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اریبہ انتظار راجپوت نے میٹرک کے امتحانات میں بھی اے ون گریڈ حاصل کیا تھا۔ ان کا تعلق ایک تعلیم دوست گھرانے سے ہے۔ ان کے والد انتظار راجپوت سرکاری اسکول میں استاد ہیں، جبکہ ان کی بڑی بہن بی ایس کی تعلیم مکمل کرچکی ہیں اور دو بھائی نویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہیں۔
اپنی کامیابی کے حوالے سے اریبہ انتظار راجپوت کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بن کر غریب اور مستحق عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی محنت اور اپنی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا۔
اریبہ انتظار راجپوت کی کامیابی کو سنجھورو کے تعلیمی حلقوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی کامیابی دیگر طالبات کے لیے بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب ثابت ہوگی




