لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے کے طلبا و طالبات کے لیے ‘سی ایم ای بائیک اسکیم فیز ٹو’ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صرف دو دنوں کے اندر 4 لاکھ 32 ہزار سے زائد طلبا نے اس پورٹل پر رجسٹریشن کروا لی ہے۔
ہونہار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ اسکیم کی کامیابی کے بعد شروع کی جانے والی اس بائیک اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور اب تک ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبا اپنی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ اہل طلبا سرکاری ویب سائٹ bikes.punjab.gov.pk پر 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے طلبا کو زبردست ریلیف دیتے ہوئے ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ مکمل طور پر معاف کر دی ہے، جبکہ بائیک پر بننے والا سود (انٹرسٹ) اور انشورنس بھی حکومت خود ادا کرے گی۔ اسکیم کے تحت بائیک حاصل کرنے والے طلبا کو محض 3028 روپے ماہانہ آسان اقساط ادا کرنا ہوں گی، اور بائیک کے ساتھ مفت ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی دیا جائے گا۔
اسکیم کے بنیادی ضوابط:
ڈومیسائل: درخواست گزار کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے۔
تعلیمی توثیق: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ کسی بھی سرکاری یا نجی کالج اور یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا ضروری ہے۔
عمر کی حد: طالب علم کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس: اپلائی کرنے کے لیے لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا باقاعدہ موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی ہے۔
کوٹہ: ایک خاندان (فیملی) سے صرف ایک طالب علم کو ہی ای بائیک فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کا پراسیس مکمل ہونے کے بعد آئندہ چھ ہفتوں کے اندر اندر طلبا کو ای بائیکس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ تمام منتخب طلبا کو بائیک چلانے کی دو روزہ خصوصی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

