کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو ہلاک ہو گئے۔
نوشکی پولیس کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے اتوار کی شب ان کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔
جب اس سلسلے میں نوشکی پولیس کے ایس ایچ او عبدالحئی پرکانی سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے مقامی رہنما پر حملہ نوشکی شہر سے جنوب مغرب میں کلی بٹو کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔انھوں نے بتایا کہ واقعے کے محرکات کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تاحال کسی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے مقامی رہنما پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔عبدالرحمان لانگو کا شمار نوشکی کے معروف سیاسی اور سماجی رہنمائوں میں ہوتا تھا۔
وہ بی اے پی کا مقامی عہدیدار ہونے کے علاوہ نوشکی میں یونین کونسل باغک کے چیئرمین بھی رہے۔
نوشکی ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو جاں بحق

