سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 23 منی پٹرول پمپس سربمہر کر دیئے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر نے بھی کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 11 منی پٹرول پمپس سربمہر کئے۔ انہوں نے سمبٹریال کے بابو غلام نبی روڈ، محلہ سلطان پورہ اور جیٹھیکے روڈ پر کاروائی کی۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے پانچ منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سربمہر کر دیا۔ انہوں نے یہ کاروائی سٹی ایریاز، سوکن ونڈ اور چونڈہ کے علاقوں میں کی۔
اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر نے اگوکی، مراد پور اور پوری بھڑتھ میں کارروائی کرتے ہوئے تین منی پٹرول پمپس سربمہر کئے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر چار منی پٹرول پمپس کو سربمہر کیا۔ انہوں نے یہ کاروائی ڈسکہ عوامی روڈ اور گلوٹیاں کے علاقوں میں کی۔
کارروائیوں کے دوران غیر قانونی پٹرول کی فروخت میں استعمال ہونے والی مشینیں قبضہ میں لے لی گئیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے۔ اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس اور پیرا فورس کے اہلکار بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور غیر قانونی پٹرول کی فروخت کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ افسران کو مؤثر کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

