ایمسٹلوین:ہاکی ورلڈ کپ 2026ء کے انتہائی سنسنی خیز فائنل میں جرمنی نے ڈٹ کر دفاع کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کو 0-1 سے شکست دے دی اور چوتھی بار مینز ہاکی ورلڈ کپ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ایمسٹلوین کے میدان میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن معرکے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم تیسرے کوارٹر میں اسپین نے جرمن گول پر شدید دباؤ بڑھاتے ہوئے ایک کے بعد ایک دس حملے کیے لیکن جرمنی کی آہنی دفاعی دیوار نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ کھیل کے 44ویں منٹ میں جرمنی کے مائیکل اسٹرٹف (Michael Struthoff) نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پہلا اور فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو آخر تک برقرار رہی۔
میچ کے آخری لمحات میں اسپین کے کوچ میکس کالڈاس نے جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے کھیل کے آخری چار منٹ باقی رہ جانے پر اپنے گول کیپر لوئس کالزاڈو کو میدان سے ہٹا دیا تاکہ اضافی کھلاڑی کے ساتھ حملہ کر کے اسکور برابر کیا جا سکے، تاہم جرمنی کا دفاع چٹان کی طرح ڈٹا رہا اور اسپین کو کامیابی نہ مل سکی۔ یاد رہے کہ اسپین نے سیمی فائنل میں مشترکہ میزبان نیدرلینڈز کو 3-4 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ جرمنی نے واورے میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ اسپین 1998ء کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچا تھا، لیکن عالمی چیمپئن بننے کا اس کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔
اس شاندار فتح کے ساتھ ہی جرمنی نے چوتھی بار مردوں کا ہاکی ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے چار ورلڈ کپ ٹائٹلز کا تاریخی ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ جرمنی اس سے قبل 2002ء کوالالمپور، 2006ء مونسنغلاباخ اور 2023ء بھونیشور میں بھی عالمی چیمپیئن بن چکا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز 1971ء، 1978ء، 1982ء اور 1994ء میں جیتا تھا۔
واضح رہے کہ اسی ایونٹ کے خواتین کے فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم نے نیدرلینڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 1-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
جرمنی چوتھی بار ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا: فائنل میں اسپین کو شکست دے کر پاکستان کا ریکارڈ برابر کر دیا

