نواب شاہ (نمائندہ بے نقاب نیوز نفیس آرائیں)
نواب شاہ پریس کلب میں سید جمال شاہ نے اپنی خواتین اہلِ خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نواب شاہ پولیس نے 20 روز قبل تاج کالونی میں واقع ان کے گھر پر لیڈیز پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کر ان کے 22 سالہ بیٹے زاہد شاہ اور کوٹری سے بطور مہمان گھر آئے نوجوان وڈل شاہ کو گرفتار کرکے مبینہ طور پر لاپتا کردیا ہے۔سید جمال شاہ نے بتایا کہ پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے اور دونوں نوجوانوں کو اپنے ہمراہ لے گئے، تاہم 20 روز گزرنے کے باوجود انہیں تاحال اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تھانوں اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود دونوں نوجوانوں کا کوئی اتا پتا نہیں چل رہا، جس کے باعث اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر ان پر کوئی مقدمہ درج ہے تو اس کی تفصیلات اہلِ خانہ کو فراہم کی جائیں۔ سید جمال شاہ نے اعلیٰ پولیس حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ زاہد شاہ اور وڈل شاہ کو فوری طور پر بازیاب کرکے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔پریس کانفرنس کے دوران خواتین اہلِ خانہ نے بھی حکام سے اپیل کی کہ ان کے پیاروں کے بارے میں فوری معلومات فراہم کی جائیں اور اگر وہ کسی مقدمے میں مطلوب ہیں تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔

