قصور (محمد وقاص اشرف)
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور نے پیرا فورس کے مبینہ غیر قانونی اقدامات، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف 18 اگست 2026 بروز منگل مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
بار ایسوسی ایشن قصور کے صدر چوہدری محمد احمد لطیف ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری شہباز علی خان ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں پیرا فورس کی جانب سے مختلف شہریوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور اختیارات سے تجاوز کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ نوٹس میں خاص طور پر عثمان رمضان ایڈووکیٹ اور بلال رمضان ایڈووکیٹ کے ساتھ پیرا فورس اہلکاروں کے مبینہ نامناسب رویے اور بدسلوکی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
بار قیادت کا کہنا ہے کہ وکلا برادری قانون کی حکمرانی، شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے، تاہم کسی بھی ادارے کو قانون سے بالاتر ہو کر شہریوں یا وکلا برادری کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ عثمان رمضان ایڈووکیٹ اور بلال رمضان ایڈووکیٹ سمیت دیگر متاثرہ افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور نے 18 اگست 2026 کو ضلع بھر کی عدالتوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ بار نمائندوں کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
صدر بار چوہدری محمد احمد لطیف ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری شہباز علی خان ایڈووکیٹ نے وکلا برادری سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی ہے۔


