سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر پولیس نے موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو اطلاعات موصول ہو رہی تھی کہ تھانہ سول لائن کے علاقہ میں کچھ منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سڑکوں
پر اودھم مچاتے ہوئے ون ویلنگ اور ریسنگ جیسے خطرناک اسٹنٹس سے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیتے ہیں تو مذکورہ تھانہ کی پولیس نے زندگیوں کو خطرہ میں ڈالنے والے 3 منچلے خضر عباس،محمد شعیب اور آفتاب علی کو گرفتار کر کے ان کے موٹر سائیکل ضبط کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے ون ویلنگ، خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس، زگ زیگ ڈرائیونگ اور سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے تین ون ویلرزخضر عباس، محمد شعیب اور آفتاب علی کو گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے موٹر سائیکلیں قبضہ میں لے لی ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے جس کے باعث ماضی میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں سڑکوں پر ون ویلنگ جیسے خطرناک اسٹنٹس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

