ہالی وڈ: فلمی دنیا کے مداحوں کے لیے ایک انتہائی خوشخبری سامنے آئی ہے کہ دنیا کے سب سے ہر دلعزیز اور مشہور زمانہ سمندری قزاق ’کیپٹن جیک سپیرو‘ ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں۔
مشہور ہالی وڈ فلمی فرنچائز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے پروڈیوسر جیرمی بروک ہائیمر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس فلم کے چھٹے حصے کے لیے سکرپٹ پر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں معروف اداکار جانی ڈیپ سے بھی باقاعدہ بات چیت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس نئے پروجیکٹ میں مشہور اداکارہ مارگو روبی کو مرکزی کردار (مین لیڈ) کے طور پر پیش کیے جانے کا پلان ہے، جبکہ جانی ڈیپ ایک بار پھر اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے والے کردار ’جیک سپیرو‘ کے طور پر ایک مختصر لیکن اہم (سپورٹنگ) رول میں نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ جانی ڈیپ نے آخری بار 2017 میں اس مشہور کردار کو نبھایا تھا، جبکہ وہ اس فرنچائز کی تمام پانچوں فلموں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان فلموں نے دنیا بھر میں ساڑھے چار ارب ڈالر سے زائد کیش کلیکشن کر کے تاریخ رقم کی تھی۔ اگرچہ اس بار وہ مرکزی کردار میں نہیں ہوں گے، لیکن فلمی ناقدین کا ماننا ہے کہ جیک سپیرو کے بغیر ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، اور اس بار بھی ان کی شمولیت فلم کو سپر ہٹ بنانے کے لیے کافی ہوگی۔

