پتوکی (محمد وقاص اشرف)
لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات 2026 کے نتائج میں پتوکی کی ہونہار طالبہ آمنہ محبوب نے 1200 میں سے 1192 نمبر حاصل کرکے لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ طالبہ کی اس شاندار کامیابی پر چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود کی ہدایت پر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی نقد انعام دیا گیا۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر و کلسٹر ہیڈ پنجاب گروپ آف کالجز قصور اسامہ ڈار نے دی ایجوکیٹر سکول پتوکی کا دورہ کیا اور ادارے کے پرنسپل میاں مظہر کو نقد انعام پیش کیا۔ اس موقع پر پنجاب کالج پتوکی کیمپس کے پرنسپل شیخ مظہر اقبال بھی موجود تھے۔اسامہ ڈار نے آمنہ محبوب کی شاندار کامیابی اور ادارے کی مجموعی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طالبہ کی محنت، والدین کی بھرپور رہنمائی اور اساتذہ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز اور دی ایجوکیٹرز ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔اس موقع پر پرنسپل میاں مظہر نے چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود اور اسامہ ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ادارے کے تمام اساتذہ کی محنت اور لگن کا اعتراف ہے، جو مستقبل میں مزید بہتر نتائج کے حصول کے لیے ان کے حوصلے بلند کرے گا۔


