چنیوٹ (فرحان بلال سے)
قازقستانی وفد اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وفد کا اقبال رائس ملز کا دورہ باسمتی چاول کی عالمی اہمیت پر تبادلہ خیال جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قازقستان کے سفارتی نمائندوں کے ہمراہ چنیوٹ کا دورہ کیا۔ وفد میں پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق (پرووسٹ نظربایف یونیورسٹی، قازقستان)، دانیال صاحب(قازقستان سفارت خانہ)، پرو ڈاکٹر رؤف اعظم(وائس چانسلر جی سی یو ایف)، ڈاکٹر واصف وسیر(یونیورسٹی آف کالگری کینیڈا)، ڈاکٹر فلک شیر(کیمپس ڈائریکٹر جی سی یو ایف چنیوٹ)سمیت دیگر شامل تھے۔دورے کے دوران وفد نے جی سی یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کا دورہ کیا، جہاں چیف ایگزیکٹو اقبال رائس ملز چوہدری مسعود اقبال نے ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کیلئے شجرکاری بھی کی۔ بعد ازاں وفد کو اقبال رائس ملز مدعو کیا گیا، جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد وفد کو باسمتی چاول کی جدید پراسیسنگ، کوالٹی کنٹرول، برآمدی معیار اور ویلیو چین کے مختلف مراحل کے حوالہ سے عامر شفیق ولہ رائے (جی ایم اقبال رائس ملز پرائیویٹ لمٹیڈ نے تفصیلی بریفنگ دی ۔بریفنگ کے دوران پاکستانی باسمتی چاول کی عالمی شہرت، اس کے منفرد ذائقے اور خوشبو کے ساتھ ساتھ سنٹرل ایشیا میں باسمتی چاول کی بڑھتی ہوئی اہمیت، تجارتی امکانات اور مستقبل میں باہمی تعاون کے مواقع پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد نے اقبال رائس ملز میں جدید پیداواری نظام، بین الاقوامی معیار کے مطابق پراسیسنگ اور برآمدی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں کمپنی کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔دورے کے اختتام پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور قازقستانی وفد کی جانب سے چوہدری مسعود اقبال کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ اس کے جواب میں چوہدری مسعود اقبال نے بھی تمام معزز مہمانوں کو روایتی تحائف پیش کیے اور کامیاب و خوشگوار دورے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔اس دورے کو پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیمی، زرعی اور تجارتی روابط کے فروغ، بالخصوص باسمتی چاول کی بین الاقوامی تجارت میں نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

