چکوال ( جلیل نقوی سے )
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مرکزی یکجہتی ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس چکوال میں منعقد ہوئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر نے کی۔ ریلی میں چیف آفیسر ضلع کونسل محمد فیاض ہاشمی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع وسیم عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وسیم عباس بلوچ، انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر عتیق احمد خان، سول ڈیفنس، پیرا فورس، پرنسپل ڈی پی ایس محمد ندیم سرور، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اہلکاروں، صدر پاکستان لیبر فیڈریشن چکوال محمد ریاض ملک اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی حمایت میں نعرے بلند کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ ریلی کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، قربانیوں اور جذبۂ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بدترین جبر و تشدد اور غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی اور حقِ خودارادیت کو کبھی دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں اور عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر حکومتِ پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی منزلِ آزادی حاصل کریں گے۔

