ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں طلباء کے احتجاج کے دوران پولیس وین کے سامنے ڈٹ جانے والی معروف ماڈل ریا اہیر کو شدید آن لائن ہراساں کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر انہوں نے باضابطہ طور پر پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 22 جولائی کو دادر کے شیواجی پارک میں بارش کے دوران ہونے والے ایک احتجاج کی وائرل تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔ اس تصویر میں سرمئی رنگ کی ہوڈی پہنے ہوئے ماڈل ریا اہیر کو بڑی جرأت کے ساتھ اس پولیس وین کے سامنے مضبوطی سے کھڑے دیکھا گیا تھا جس میں پولیس نوجوان مظاہرین کو گرفتار کر کے لے جا رہی تھی۔ ممبئی کے ان مظاہروں میں یہ تصویر سب سے زیادہ طاقتور اور متاثر کن منظر کے طور پر سامنے آئی تھی۔
تاہم، اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد ماڈل کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سائبر پولیس کو دی گئی اپنی باضابطہ شکایت میں ریا اہیر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس وین کو روکنے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور وہ ناصرف نازیبا تبصروں اور گالی گلوچ بلکہ خطرناک ڈیپ فیک (Deepfake) ویڈیوز کا بھی نشانہ بن چکی ہیں۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے

