چکوال (رپورٹ: مہتاب نصیر اعوان)
راولپنڈی روڈ پر کوہ نور ملز کے نزدیک ایک گہرے تالاب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے نوجوان تالاب میں نہا رہے تھے۔ نہانے کے دوران ایک نوجوان اچانک گہرے پانی کی طرف چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ اسے تڑپتا دیکھ کر تالاب کے کنارے موجود دوسرے نوجوان نے اسے بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دی، لیکن گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ خود بھی سنبھل نہ سکا اور دونوں پانی کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ماہر غوطہ خوروں نے انتھک کوششوں کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو تالاب کے گہرے پانی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع اور ریسکیو حکام کے مطابق، جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 18 سالہ عرفان ولد محمد یوسف اور 17 سالہ دانش ولد طارق محمود کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں نوجوان کوہ نور ملز چکوال کے ہی رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ جوان سال بیٹوں کی ناگہانی موت کی خبر گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور پورے علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔

