سکھر(ڈویزنل بیوروچیف نصیر احمد لاشاری سے)
سکھر سٹی کے /ویٹنگ امیدواروں نے اپنی تقرریوں میں مسلسل تاخیر اور مطالبات کو نظر انداز کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت سندھ اور محکمہ تعلیم سے فوری تقرریوں کے مطالبات درج تھے۔احتجاج کے دوران امیدواروں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ ہونے والے اجلاس میں ان کے معاملے کو ایجنڈے میں شامل کر کے فوری طور پر آفر آرڈرز جاری کیے جائیں۔احتجاج کی قیادت ماجد، دور محفوظ احمد اور علی رضا سمیت دیگر ویٹنگ امیدواروں نے کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے پی ایس ٹی اورجے ای ایس ٹی
ویٹنگ امیدوار انصاف کے منتظر ہیں، مگر افسوس کہ اعلیٰ حکومتی ایوانوں میں ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے مسئلے کے حل کے لیے اسپیشل کمیٹی تو تشکیل دی گئی، تاہم اس کمیٹی کے ایجنڈے میں پی ایس ٹی اورجے ای ایس ٹی
ویٹنگ امیدواروں کے معاملے کو شامل ہی نہیں کیا گیا، بلکہ دیگر معاملات کو ترجیح دے کر بعض افراد کو نوازا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمیٹی بنیادی طور پر پی ایس ٹی اورجے ای ایس ٹی
امیدواروں کے مسائل کے حل کے لیے قائم کی گئی تھی، لیکن سکھر سٹی کے ویٹنگ امیدواروں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے گرد و نواح کے 40 سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو تقرریاں دی جا چکی ہیں جبکہ سکھر سٹی کے امیدوار آج بھی اپنے حق کے منتظر ہیں، حالانکہ اس حوالے سے عدالتوں کے واضح فیصلے بھی موجود ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا، جس کے باعث اہل اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدوار گزشتہ کئی برسوں سے ذہنی اذیت اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ آئندہ اجلاس میں ان کے معاملے کو باقاعدہ ایجنڈے میں شامل کیا جائے اور عدالتی فیصلوں کے مطابق تمام ویٹنگ امیدواروں کو فوری طور پر آفر آرڈرز جاری کیے جائیں۔احتجاج کرنے والوں نے مزید کہا کہ سکھر سٹی کے منتخب عوامی نمائندے اور سیاستدان ان کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق روہڑی، نیو سکھر اور دیگر علاقوں کے امیدواروں کے مسائل حل ہو چکے ہیں، جبکہ صرف سکھر سٹی کے ویٹنگ امیدوار مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں، جو ان کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔آخر میں مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر تعلیم، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر سٹی کے پی ایس ٹی اورجے ای ایس ٹی ویٹنگ امیدواروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری ازالہ کیا جائے، عدالتی احکامات پر بلا تاخیر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اہل امیدواروں کو تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ سندھ بھر میں وسیع کیا جائے گا۔

