واشنگٹن/نئی دہلی:امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل، منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم میں مطلوب بھارتی نژاد گینگسٹر نتیش کوشل کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف بی آئی نے چند روز قبل ہی اسے اپنی ‘موسٹ وانٹیڈ’ فہرست میں شامل کیا تھا۔
ایف بی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان کے مطابق، نتیش کوشل کو امریکی ریاست ورمونٹ سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتاری ‘آپریشن ہارڈ بال’ کے تحت عمل میں آئی، جس میں امریکہ، کینیڈا اور یورپ کے قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر مصروفِ عمل ہیں۔
تفتیشی اداروں کے مطابق، نتیش کوشل بھارت کے بدنامِ زمانہ ‘جگو بھگوان پوریا’ آرگنائزڈ کرائم گروپ کا ایک کلیدی رکن تھا۔ یہ گروپ پنجاب سے جڑیں رکھتا ہے، لیکن اس نے اپنے نیٹ ورک کو امریکہ کی سنٹرل ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا سمیت دیگر مغربی ممالک تک پھیلا رکھا تھا۔ نتیش کوشل پر سنگین الزامات ہیں، جن میں:
قتل اور اغوا برائے تاوان۔
منشیات اور انسانی اسمگلنگ۔
اسلحہ کی غیر قانونی تجارت۔
بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ۔
کیلیفورنیا کی ضلعی عدالت نے 25 جون کو نتیش کوشل کے خلاف وفاقی وارنٹ جاری کیے تھے۔ اس پر ‘ریکو’ (RICO) ایکٹ کے تحت منظم جرائم کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس کی گرفتاری بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کے نیٹ ورک کو توڑنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

