لاہور:وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور، سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ثقافتی تبادلے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی اور سیاسی و اقتصادی ایڈوائزر صدف سعد بھی موجود تھیں۔
امریکی قونصل جنرل نے پنجاب میں فن و ثقافت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بالخصوص ‘پنجاب فلم سٹی’ کے قیام اور تھیٹر کی بحالی کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمراء آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ پارٹنرشپ اور ثقافتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ اطلاعات پنجاب اور امریکی قونصلیٹ ثقافتی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور عوامی فلاحی ایجنڈے کے بارے میں بریفنگ دی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کی ترقی، طلبہ کی تعلیم اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کا فلیگ شپ منصوبہ "اپنی چھت، اپنا گھر” کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو چھت فراہم کی جا رہی ہے۔
امریکی قونصل جنرل نے پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین اور پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو روایتی سوینئر بھی پیش کیا۔
اس ملاقات کو پنجاب میں بین الاقوامی ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور امریکی قونصل جنرل کی ملاقات :پنجاب میں ’’ فلم سٹی ‘‘ کے قیام پر خراج تحسین

