جھڈو ( رپورٹ / قیصر راجہ راجپوت )
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیراںی کا عوامی شکایات کا نوٹس، مسافر گاڑیوں کے کرایوں کی فہرست جاری ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیراںی نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مسافر گاڑیوں کے کرایوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ان کی ہدایات پر سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی تھرپارکر نے ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرتے ہوئے باضابطہ لسٹ جاری کر دی۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق مٹھی سے کراچی تک اے سی بس کا کرایہ 1292 روپے جبکہ نان اے سی بس کا کرایہ 1122 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح مٹھی سے حیدرآباد تک اے سی بس کا کرایہ 893 روپے اور نان اے سی بس کا 776 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اے سی وین کا کرایہ 823 روپے رکھا گیا ہے۔
مٹھی سے میرپورخاص کے لیے اے سی بس کا کرایہ 521 روپے اور نان اے سی بس کا 452 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ مٹھی سے ڈیپلو کے لیے اے سی 163 روپے اور نان اے سی 142 روپے جبکہ مٹھی سے اسلام کوٹ کے لیے اے سی بس کا کرایہ 156 روپے اور نان اے سی بس کا 135 روپے مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ضلع تھرپارکر کے مختلف شہروں اور حیدرآباد و کراچی جانے والی دیگر مسافر گاڑیوں کے کرائے بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام ٹرانسپورٹ مالکان مقررہ کرایوں پر سختی سے عمل کریں اور کرایہ نامہ ہر گاڑی میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں کو مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔مزید یہ کہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

