صوابی (حق نواز خان)
صوابی: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے
Ghulam Ishaq Khan Institute of Engineering Sciences and Technology
کی سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات سے گزر رہی ہے، جہاں معاشی غیر یقینی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی کے بحران اور مصنوعی ذہانت جیسے چیلنجز مستقبل کی سمت کا تعین کر رہے ہیں۔ موجودہ دور میں تعلیم، تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی ہی قومی ترقی اور معاشی استحکام کی اصل بنیاد ہیں۔ جو قومیں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی، وہی مستقبل میں دنیا کی قیادت کریں گی۔چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں کو پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید تعلیم، تحقیق اور مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے کی عادت اپنائیں، تنقیدی سوچ کو فروغ دیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔علاقائی اور عالمی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، جو ملک کی امن پسند خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دے چکا ہے اور ایک پرامن ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا مثبت تشخص برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے قومی مفاد اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔

