شیخوپورہ رپورٹ (اسامہ طفیل)
ضلع شیخوپورہ میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں دو حقیقی بھائی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تھانہ بھکھی کے علاقے فیصل آباد روڈ، ڈیرہ کھوکھراں کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں سرفراز اور عاشق نامی دو حقیقی بھائی نشانہ بن گئے۔ پولیس کے مطابق سرفراز موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ زخمی ہونے والے عاشق کو ریسکیو اہلکار ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔پولیس نے دونوں نعشیں قانونی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیں۔ مقتولین کے بھائی ذوالفقار عرف کالو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقبال عرف بالی، عاطف عرف عاطی، شہروز اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازع کے پس منظر میں پیش آیا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔دریں اثنا، شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پہلی لاش بدوپلی روڈ پر جھال پل کے قریب سے ملی، جو ایک نامعلوم معمر شخص کی ہے، جبکہ دوسری لاش تھانہ کوٹ عبدالمالک کے علاقے پھول منڈی کے قریب سے برآمد ہوئی، جو ایک نامعلوم نوجوان کی بتائی جاتی ہے۔کوٹ عبدالمالک پولیس نے دونوں لاشوں کو شناخت، پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کی شناخت اور اموات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

