تلمبہ سے رانا فیصل کی رپورٹ
میاں چنوں تحصیل کچہری کے احاطے میں سخت سکیورٹی کے دعوؤں کے باوجود مسلح افراد دھاوا بولتے ہوئے اندر داخل ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ دستیاب ویڈیو اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد کا جتھہ کھلے عام فائرنگ کرتا ہوا کچہری میں داخل ہوا۔ اس دوران پٹرولنگ پولیس کی کار بھی وہاں سے گزری کو مسلح افراد کو فائرنگ کرتے دیکھ کر تیزی سے نکل گئی واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں مسلح افراد کو فائرنگ کرتے ہوئے کچہری کی جانب بڑھتی دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے دوران کچہری میں سکیورٹی نہ ہونے کے برابر تھی، جبکہ یہ پولیس اہلکار موقع پر موجود نہیں تھے ذرائع کے مطابق فائرنگ دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی کا نتیجہ تھی۔ ایک گروپ کا تعلق بورے والا جبکہ دوسرے کا تعلق میاں چنوں سے بتایا جا رہا ہے۔ فائرنگ کے بعد کچہری میں بھگدڑ مچ گئی، سائلین اور وکلا میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ کچہری اور اس کے اطراف سکیورٹی اب مزید سخت کر دی گئی ہے۔

