ٹانک (بیورو رپورٹ)
ضلع ٹانک میں یومِ عاشورہ کے تمام مرکزی جلوس، مجالس اور مذہبی پروگرام انتہائی پرامن، منظم اور باوقار انداز میں اختتام پذیر ہونے پر ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ ٹانک کے جنرل سیکرٹری حاجی کفایت اللہ پراچہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالصمد خان، ٹانک پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے تعریفی پیغام میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں ڈی پی او عبدالصمد خان نے بہترین قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور شبانہ روز محنت سے ضلع بھر میں مثالی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا۔ انہوں نے خود جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات کا مسلسل دورہ کیا، پولیس فورس کی رہنمائی کی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے، جس کے باعث یومِ عاشورہ مکمل امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔حاجی کفایت اللہ پراچہ نے کہا کہ ڈی پی او عبدالصمد خان کی قیادت میں ٹانک پولیس نے نہ صرف فول پروف سیکیورٹی فراہم کی بلکہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی فضا کو بھی برقرار رکھا، جو قابلِ تعریف کامیابی ہے۔انہوں نے ٹانک پولیس، تمام سیکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ٹی ایم اے، رضاکاروں اور یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد میں کردار ادا کرنے والے تمام افسران و اہلکاروں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور فرض شناسی کی بدولت ضلع ٹانک ایک بار پھر امن، نظم و ضبط اور بین المسالک ہم آہنگی کی بہترین مثال بن کر سامنے آیا۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ضلع ٹانک کو ہمیشہ امن، بھائی چارے اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔

